
گوتم بدھ نگر، یکم نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر کے بادل پور تھانہ علاقے کے بمباوڑ گاوں کے راستے پر جمعہ کو موٹرسائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ایک پراپرٹی ڈیلر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں نے پیچھے سے فائرنگ کی۔ قتل کے بعد اس کا چہرہ اینٹ سے کچل کر شناخت چھپانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس فی الحال اس معاملے میں کچھ بھی واضح نہیں کر رہی ہے۔
پولیس کمشنر لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ بمباوڑ گاوں کے رہنے والے مہیپال سنگھ پراپرٹی ڈیلر تھے۔ وہ جمعہ کی شام اپنی اسکوٹی پر اپنے گاو¿ں واپس آ رہے تھے جب ایسٹرن پیریفرل ہائی وے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار بدمعاشوں نے ان پر گولی چلا دی۔ انہیں پیٹھ میں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔
گاو¿ں والوں کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد مہیپال کے چہرے کو اینٹ سے کچلنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مہیپال سڑک کے کنارے زخمی حالت میں پائے گئے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ پولیس کیس کی مختلف پہلووں سے تفتیش کر رہی ہے۔ مہیپال کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ ان کی دو بیٹیوں کی شادی ایک ماہ میں ہونے والی تھی۔ وہ اس وقت ان کی شادیوں کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ ان کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ کا رورو کر برا حال ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس شیویہ گوئل نے کہا کہ قتل ہوا ہے، لیکن چہرہ صاف نظر آرہا ہے۔کچلنے کی کوشش نہیں کی گئی ہے۔ کل دیر رات بھی اہل خانہ نے شکایت درج نہیں کروائی تھی۔ اہل خانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد