
جمہوری اختیار کی حفاظت سب کی ذمہ داری، عوام میدان میں رہیں:شرد پوار
انتخابات
مؤخر کرنے کی تجویز، شفاف ووٹر لسٹ تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان
ممبئی، یکم
نومبر (ہ س)۔
مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے)
نے مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے ساتھ مل کر یکم نومبر 2025 کو ممبئی میں
ووٹر فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ایک وسیع سیاسی مارچ منعقد کیا جسے
’’ستیاچہ مورچہ‘‘ ( سچائی کا جلوس ) کا
نام دیا گیا۔ یہ ریلی جنوبی ممبئی کے فیشن اسٹریٹ سے شروع ہو کر میٹرو سنیما سمیت
مرکزی مقامات سے گزرتی ہوئی برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ہیڈکوارٹر
پر ختم ہوئی۔ مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور ٹریفک کنٹرول کے ساتھ پولیس کی
بھاری نفری تعینات رہی۔
اس
احتجاج میں اپوزیشن کے سرکردہ رہنماؤں، شرد پوار، ادھو ٹھاکرے، راج ٹھاکرےبالاصاحب تھوراٹ اور
کانگریس لیڈر جینت پاٹل نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ ستیہ
مورچہ سے خطاب کرتے ہوئے این سی پی لیڈر شرد پوار نے عوام اور کارکنوں کو مخاطب
کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کے تحفظ کے لیے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر متحد رہنا
ضروری ہے، کیونکہ ووٹر دھوکہ دہی کو روکنا ہر شہری کا فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ
حالیہ اسمبلی انتخابات میں بے ضابطگیوں کے باعث عوامی اعتماد کو شدید دھچکہ پہنچا
ہے اور جمہوری نظام پر خدشات بڑھ گئے ہیں، اس لیے ووٹ کے حق کی پاسداری کے لیے
منظم جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شرد
پوار نے انتخابی فہرستوں کے ناقص انتظام پر الیکشن کمیشن آف انڈیا کو تنقید کا
نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ احتجاج حقیقی ووٹروں کے حقوق کی بحالی کی جمہوری جدوجہد
ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی شفافیت کے بغیر انتخابات نہیں کرائے جانے چاہئیں۔
دیگر
رہنماؤں نے بھی انتخابی شفافیت، منصفانہ عمل اور انصاف پر زور دیا۔ ایم وی اے اور
ایم این ایس نے مطالبہ کیا کہ انتخابی فہرستوں کی درستی تک بلدیاتی انتخابات ملتوی
کیے جائیں۔ اس دوران مہاراشٹر بی جے پی نے خاموش احتجاج کیا اور اپوزیشن پر جھوٹا
بیانیہ پھیلانے کا الزام عائد کیا۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے