بھدرواہ میں خواتین کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا
بھدرواہ میں خواتین کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا جموں، یکم نومبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے تھنالہ بھدرواہ میں خواتین کی بااختیاری کے لیے سرگرم سنکلپ ہب فار ایمپاورمنٹ آف ویمن اور ون اسٹاپ سینٹر ڈوڈہ کی جانب سے، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر ڈوڈہ کی نگران
Awareness


بھدرواہ میں خواتین کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا

جموں، یکم نومبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے تھنالہ بھدرواہ میں خواتین کی بااختیاری کے لیے سرگرم سنکلپ ہب فار ایمپاورمنٹ آف ویمن اور ون اسٹاپ سینٹر ڈوڈہ کی جانب سے، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر ڈوڈہ کی نگرانی میں حیض سے متعلق آگاہی و شعور بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین اور نوعمر لڑکیوں میں سینیٹری نیپکن تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر مقررین نے ماہواری کے دوران صفائی و حفظانِ صحت برقرار رکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بروقت پیڈ تبدیل کرنا اور انہیں درست طریقے سے تلف کرنا خواتین کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمل سے نہ صرف انفیکشن سے بچاؤ ممکن ہے بلکہ جسمانی و ذہنی تندرستی بھی برقرار رہتی ہے۔

پروگرام کے دوران ماہواری سے جڑی غلط فہمیوں اور سماجی رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا گیا تاکہ خواتین میں اعتماد اور آگاہی پیدا ہو۔ نوعمر لڑکیوں کو حیض کے قدرتی عمل کو سمجھنے، اس پر کھل کر بات کرنے اور صحت مند رویہ اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی۔

عہدیداران نے خواتین کو حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف فلاحی اسکیموں سے متعلق معلومات فراہم کیں تاکہ وہ ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔علاقے کی خواتین نے اس بیداری مہم میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور منتظمین کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام دیہی خواتین میں صحت و وقار کے شعور کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande