
پھلودی/بھوپال، یکم نومبر (ہ س)۔ راجستھان کے پھلودی-بیکانیر نیشنل ہائی وے نمبر 11 پر جمعہ کی دیر رات سڑک کے کنارے کھڑے ٹیمپو کو ایک تیز رفتار ٹرالے نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں ٹیمپو میں سوار مدھیہ پردیش کے چار افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ بارہ لوگ زخمی ہوئے ہیں جنہیں نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈرائیور کے علاوہ تمام متوفیان اور زخمی افراد مدھیہ پردیش کے رتلام کے رہنے والے ہیں۔
پھلودی تھانہ انچارج بھنورارام نے بتایا کہ تمام مزدور مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام کے عالم پور ٹھیکریا گاوں کے رہنے والے تھے اور فصل کی کٹائی کے لیے پھلودی کی باپ تحصیل واقع گاوں سہارن پورا جا رہے تھے۔ جمعہ کی دیر رات پھلودی کے ملار روڈ پر بھادو ریسٹورنٹ کے سامنے بیکانیر کی سمت جا رہے ٹرالے نے ٹیمپو کو ٹکر مار دی۔ واقعے کے بعد آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس کے کوآرڈینیٹر بھنور لال کماوت دو ایمبولینسوں کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ تمام زخمیوں کو پھلودی ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے انہیں جودھپور ریفر کر دیا گیا۔
ٹیمپو میں سوار مدھیہ پردیش کے رہنے والے راہل نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تمام لوگ مدھیہ پردیش کے تھے۔ ملار روڈ پر بھادو ریسٹورنٹ کے قریب ڈرائیور نے دکان سے کچھ سامان لینے کے لیے ٹیمپو کو سڑک کے کنارے روکا تھا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ٹرالے نے زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ تمام لوگ اچھل کر سڑک پر جا گرے۔ چیخ و پکار مچ گئی۔ پھلودی ضلع اسپتال کے پی ایم او ڈاکٹر ابھیشیک اگروال نے بتایا کہ دیر رات تمام زخمیوں کو جودھپور کے ایم ڈی ایم اسپتال کے لیے ریفر کر دیا گیا تھا۔ سی آئی بھنورارام اور دیگر پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
تھانہ انچارج بھنورارام نے بتایا کہ اس حادثے میں ٹیمپو میں سوار ٹینا (12) دختر رائے سنگھ اور جگدیش (32) ولد رام جی کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ پوجا (30) زوجہ جگدیش کو جودھپور ریفر کیا گیا تھا۔ راستے میں ہی اوسیان کے قریب اس نے دم توڑ دیا۔ اس کے علاوہ ٹیمپو ڈرائیور گوپی لال کی جودھپور میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ وہ موٹائی، چاکھو (پھلودی) کا رہنے والا تھا۔ پوجا اور جگدیش میاں بیوی تھے۔ حادثے کے بعد ٹرالے کا ڈرائیور بھگوانا رام ولد دیوارام فرار ہو گیا۔ وہ پلی، متوڑا (پھلودی) کا رہنے والا ہے۔ ٹرالا اور تباہ شدہ ٹیمپو کو پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔ حادثے میں بھولا (8)، اشوک (8)، رامو بائی (35)، بابو لال (35)، کنجن (14)، سُگن بائی (30)، روشنی (8)، ممتا (30)، ارجن (8)، امرت (59)، راہل (21) اور کنہیا بائی (60) زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن