राष्ट्रीय

Blog single photo

بین الاقوامی باکسر دھرم چند سمیت 9 کی اتراکھنڈ میں کورونا سے موت

30/11/2020

۔اتراکھنڈ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 455 نئے کورونا متاثر ، 352 افرادصحت یاب ہوئے
دہرادون ، 30 نومبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بین الاقوامی باکسر دھر م چند سمیت 9 افراد کی کورونا انفیکشن سے موت ہوگئی۔ اس دوران ریاست میں 455 افراد کی کورونا جانچ رپورٹ مثبت موصول ہوئی اور 352 مریضوں کی صحت یابی کے بعد انہیں فارغ کردیا گیا ہے۔ اس طرح ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 74795 ہوگئی ہے اور فعال کیسوں کی تعداد 5059 ہوگئی ہے۔ ریاست میں کورونا مریضوں کا ریکوری ریٹ 90.68 فیصد پر آگیا ہے۔ ریاست میں اب تک مجموعی طور پر 67827 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں۔
اترا کھنڈ کے سرحدی ضلع پتھورا گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک بین الاقوامی باکسر دھرم چند کورونا متاثر ہوئے تھے۔ وہ وہاں پر فوجی اسپتال میں زیر علاج تھے ، لیکن ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت اور اسمبلی اسپیکر پریم چند اگروال نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشہور بین الاقوامی باکسر دھرم چند ، جنہوں نے 1982 میں بین الاقوامی سطح پر کانسے کا تمغہ جیتا تھا ،کی موت ملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
دوسری طرف ، ریاست کے کووڈ۔ 19 کنٹرول روم نے پیر کی شام جاری ہیلتھ بلیٹن میں کہا ہے کہ آج ریاست کے الموڑہ ضلع میں 24 ، چمولی میں 17 ، چمپاوت میں 11 ، دہرادون میں 18 ، ہریدوار میں 23 ، نینی تال میں 57 ،پوڑی میں 19، پتھوراگڑھ میں 49 ، رودرپریاگ میں 8 ، ٹیہری میں 14 ، اودھم سنگھ نگر میں 24 اور اترکاشی میں 11 سیمپلس کی جانچ رپورٹ پازیٹیو موصول ہوئی ہے۔ ریاست میں اب تک 1231 کورونا سے متاثرہ مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے سے قبل ہی 678 مریض ریاست سے باہر چلے گئے ہیں۔
دریں اثنا ، ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج 352 مریضوں کی صحت یابی کے بعد انہیں آج چھٹی مل گئی۔ اس طرح ، ریاست کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت 5059 مریض زیر علاج ہیں۔
ریاست میں آج 12510 نمونوں کی جانچ رپورٹ منفی موصول ہوئی ہے ، جبکہ 10666 نمونے آج جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔ ریاست میں اب تک مجموعی طور پر 1265484 سیمپلس کی جانچ رپورٹ موصول ہوئی ہیں اور 14906 سیمپلس کی جانچ رپورٹس زیر عمل ہیں۔
ہندوستھان سماچار


 
Top