राष्ट्रीय

Blog single photo

گلناز مقدمہ کی پیروی امارت شرعیہ کرے گی:محمدشبلی القاسمی

02/12/2020

پٹنہ ، 02 دسمبر (ہ س)۔گلناز کو جس طرح موت کی نیند سلادیاگیا، وہ انتہائی افسوسناک اوردردناک معاملہ ہے، امارت شرعیہ بہار اسی دن سے ہی اس مسئلہ پر نگاہ رکھے ہوئے ہے اوراس نے وزیراعلیٰ اورسکریٹری اقلیتی فلاح کو خط لکھ کر گلناز کے قاتلوں کو جلداز جلد سزادلانے کا مطالبہ کیاہے، اورگلناز کی والدہ اورافسران سے رابطہ میں ہے، اس سلسلے میں مقدمات کی پیروی اورگلناز کے اہل خانہ سے متعلق دوسرے امور کے سلسلے میں امارت شرعیہ میں وکلاءاوردیگر سماجی کارکنوں کے ساتھ ایک میٹنگ یکم دسمبر بروز منگل کوہوئی۔ جس میں گلناز کی والدہ اوراس کے بھائی بھی شریک ہوئے، گلناز کی والدہ نے بتایاکہ ہمیں اب اپنی دوسری بچی کی جان کا شدید خطر ہے ،گذشتہ دنوں بڑی تعداد میں سماج دشمن عناصر میرے گھر پر آکرنعرہ بازی کرکے اور مجھے ڈرا دھمکاکر گئے ہیں، اس وقت بھی پولیس تماشائی بنی دیکھتی رہی۔ قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے اس واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کیااورمجرمین کی فوری گرفتاری کے لئے مناسب اورموثر اقدام کا مطالبہ کیا۔امیرشریعت مولانامحمد ولی رحمانی کے حکم پر بلائی گئی اس میٹنگ میں قائم مقام ناظم نے گلناز کی والدہ کو تسلی دلائی اوریقین دلایاکہ ان کی لڑکی کے قاتلوں کو سزا ضرور ملے گی۔ اس مقدمہ کو دیکھ رہے کاشف یونس نے مقدمہ کی تفصیلات سے شرکاءکو باخبرکیا اوربتایاکہ ابھی معاملہ ابتدائی مرحلہ میں ہے، ملزمین نے ریگولرضمانت کی درخواست  کی ہے جس پر بحث ہونی ہے، ہم پوری مستعدی سے اس کام میں لگے ہوئے ہیں اورہماری طرف سے کوئی کمی کوتاہی کسی مرحلہ میں نہیں ہوگی۔ اس کا میں یقین دلاتاہوں، شرکاءنے اس بات پر اتفاق کیاکہ بحیثیت وکیل کاشف یونس اور ندیم اس مقدمہ کو دیکھیں۔امارت شرعیہ اس کی نگرانی کرے اورجس قسم کی ضرورت پیش آئے امارت شرعیہ اس میں ہرممکن تعاون کرے، ان دونوں وکلاءکے علاوہ دوسرے ماہر وکیل کی بھی مدد لی جائے۔ امیر شریعت کے حکم سے قائم مقام ناظم نے فرمایاکہ امارت شرعیہ ہرطرح سے تیارہے، جیسی ضرورت پڑے گی ہم اس میں کہیں سے پیچھے نہیں ہیں۔ قائم مقام ناظم نے فرمایاکہ اگر گلناز کی والدہ وہاں سے نقل مکانی کرنا چاہتی ہیں توامارت شرعیہ اس میں بھی ان کی مدد کرے گی، جس پر شرکاءنے اظہار پسندیدگی کیا۔ قائم مقام ناظم نے وزیراعلیٰ بہار سے اس معاملہ میں خصوصی مداخلت کرکے اہل خانہ کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہاکہ بہارکی پرامن سرزمین پر اس قسم کے ظلم اورسفاکیت کو ہرگزبرداشت نہیں کیاجاسکتا۔
میٹنگ میں حاجی پورسے مولاناقمرعالم ندوی ،ماسٹر عظیم الدین انصاری، محمد اکبراورنصراحمد نے شرکت کی۔ان کے علاوہ گلناز کی والدہ کے خصوصی معاون گوہرعزیز، ندیم احمد ،فیض احمد،پرویز ، ندیم احمد خان،ایم کیو جوہر ،ندیم پھلواری شریف، انجینئرابوالکلام وغیرہ نے شرکت کی۔ امارت شرعیہ کے ذمہ داروں میں مفتی ثناءالہدیٰ قاسمی،مولانا سہیل احمد ندوی نائبین ناظم ،جاویداقبال سنیئرایڈوکیٹ ہائی کورٹ پٹنہ،مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی امارت شرعیہ اورسمیع الحق نائب انچارج بیت المال ،مولانا ارشدرحمانی معاون ناظم امارت شرعیہ نے شرکت کی اورمفید مشوروں سے نوازا، میٹنگ کااختتام قائم مقام ناظم مولانامحمد شبلی القاسمی کی دعاپر ہوا۔
ہندوستھان سماچار


 
Top