राष्ट्रीय

Blog single photo

حیدرآبادمیں آج بلدیہ انتخابات، پولیس کے سخت انتظامات،حساس علاقوں پرگہری نظر: سٹی پولیس کمشنرانجنی کمار

30/11/2020

حیدرآبادمیں آج  بلدیہ انتخابات، پولیس کے سخت انتظامات،حساس علاقوں پر گہری نظر: سٹی پولیس کمشنرانجنی کمار
حیدرآباد ۔30۔نومبر(ہ س)۔
 جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے سیکیور یٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور دونوں شہروں میں 22 ہزار پولیس فورس تعینات کی جارہی ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی انتخابی مہم اختتام کو پہنچی ہے۔اورآج یکم ڈسمبر کو انتخابات کیلئے نیم فوجی دستے اور ریاستی پولیس کے عملہ کو تعینات کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنس کی نشاندہی کی ہے اور ان کی سیکیوریٹی کیلئے انسپکٹر رتبہ کے عہدیداروں کو تعینات کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اسٹرائیکنگ فورس، ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کو بھی تعینات کیا گیا ہے اور 293 پولیس پکٹس انتہائی حساس علاقوں میں تعینات کئے گئے ہیں۔ انجنی کمار نے کہا کہ آرمڈ پولیس کی 6 خصوصی ٹیمیں قائم کی گئیں ہیں جو انتہائی حساس علاقوں میں گشت کرے گی۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں 89 وارڈس ہیں اور 4979 پولنگ اسٹیشنس موجود ہیں جبکہ 817 نئے پولنگ اسٹیشنس کو قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2146 پولنگ اسٹیشنس ہیں جہاں پر حسب معمول رائے دہی ہوگی جبکہ 1517 حساس اور 167 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کیلئے 406 موبائیل پارٹیز قائم کی جارہی ہیں۔ 
انجنی کمار نے کہا کہ رائے دہی کے دن 29 بارڈر چیک پوسٹس قائم کئے گئے ہیں اور ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 4187 لائیسنس یافتہ ہتھیاروں کو متعلقہ پولیس اسٹیشنس اور آرمری میں جمع کردیا گیا ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ 3066 روڈی شیٹرس کو پابند مچلکہ کیا گیا ہے اور انتخابات کا اعلامیہ جو /17 نومبر کو جاری ہوا تھا سے اب تک 1.45 نقد رقم اور 10 لاکھ مالیتی شراب اور منشیات ضبط کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق 55 ایف آئی آر دونوں شہروں کے پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے ہیں۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ شہر کے 4 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے رائے دہی کے دن ڈی سی پی رتبہ کے عہدیدار کمانڈ کنٹرول سے حالات پر نظر رکھیں گے اور بیلٹ باکسیس کی نگرانی کیلئے بھی سیکیوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر صرف امیدوار اور اس کے الیکشن ایجنٹ کو ایک ہی گاڑی میں سفر کرنے کی اجازت رہے گی اور رائے دہی کیلئے آنے والے افراد پولنگ اسٹیشن سے 200 میٹر دور اپنی گاڑیاں پارک کریں۔
ہندوستان سماچار 


 
Top